• news

ضمنی الیکشن: جائزہ کیلئے مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا جا رہا ہے

لاہور (فرخ سعید خواجہ) این اے 122 میں ہونے والے الیکشن کا جائزہ لینے کیلئے مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مسلم لیگ ن پنجاب کا اجلاس پنجاب کے صدر و وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہو گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے باہمی تبادلہ خیال میں سردار ایاز صادق کی کامیابی کو عمران خان کے دھاندلی کے الزام کی شکست قرار دیا ہے اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے اوکاڑہ میں این اے 144 کے الیکشن کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مسلم لیگی قیادت کو بتایا گیا این اے 144 کے فاتح رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے وزیراعظم نواز شریف کو پیغام بھجوایا ہے آپ کی میرے ساتھ جو محبت رہی ہے اور مجھے ٹکٹ دلانے کیلئے آپ نے میرے لئے جن جذبات کا اظہار کیا تھا میں اس پر آپ کا شکرگزار ہوں۔ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے مجھے کمزور جان کر میری بجائے چودھری علی عارف کو ٹکٹ دلوائی، اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے ریاض الحق جج کو آزاد حیثیت ختم کر کے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن