عمران نے قومی وطن پارٹی کو حکومت میں شامل کرنے، اہم وزارتیں دینے کی منظوری دیدی
ڈیرہ اسماعیل خان (اے این این) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے قومی وطن پارٹی کو حکومت میں شامل کرنے میں کامیاب، تحریک انصاف کے چیئرمین نے وزیر اعلیٰ کے سامنے ہتھیار پھینکتے ہوئے کرپشن کے الزامات میں حکومتی اتحاد سے نکالی گئی قومی وطن پارٹی کو صوبائی حکومت میں شامل کرنے اور اہم وزارتیں دینے کی منظوری دے دی۔ گورنر خیبر پی کے کے صحت یاب ہوتے ہی قومی وطن پارٹی کے تین وزراء حلف اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پرویز خٹک کی وزارت اعلیٰ اور پارٹی چھوڑنے کی دھمکی کے سامنے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہتھیار پھینکتے ہوئے قومی وطن پارٹی جسے عمران خان نے کرپشن کے الزامات لگا کر حکومتی اتحاد اور وزارتوں سے نکال باہر کیا تھا کو دوبارہ حکومتی اتحاد میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو کو سب سے بڑا دو نمبر آدمی کہا تھا۔