وزیراعظم 20 اکتوبر کو 2 روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہونگے
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف 20 اکتوبر کو امریکہ کے دورے پر روانہ ہونگے۔ دو روزہ دورہ 21 اکتوبر سے شروع ہوگا جس کے دوران وزیراعظم نواز شریف 22 اکتوبر کو امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کرینگے جس میں پاکستان امریکہ تعلقات، خطے کی صورتحال، افغانستان سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورے امریکہ کے پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس حوالے سے اعلی حکام پر مشتمل ایڈوانس ٹیم بھی امریکہ جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پیشرفت کا امکان ہے۔ پاکستان بھاشا ڈیم تعمیر کیلئے امریکہ سے مدد طلب کرے گا۔ بھاشا ڈیم سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ امریکہ کی طرف سے پاک چائنہ اکنامک کاریڈور بند کرنے کیلئے دبائو کا امکان ہے، پاک چائنا اکنامک کاریڈور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ وزیراعظم کے ہمراہ اہم وزراء بھی امریکہ جائیں گے۔ وزراء میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، خرم دستگیر خان شامل ہونگے۔