• news

ضلع حافظ آباد میں 13 کروڑ‘ 98لاکھ کی بے ضابطگیاں‘ تحقیقات مکمل

لاہور (میاں علی افضل سے) اینٹی کرپشن نے ضلع حافظ آباد میں 13کروڑ 98لاکھ کی خورد برد اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل کر لیں۔ چالان آئندہ چند ہفتوں میں ڈی جی اینٹی کرپشن انور رشید کو منظوری کیلئے بھجوایا جائے گاکیس کی تحقیقات 5سال سے جاری تھیں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے کیس اینٹی کرپشن کے ہائی پروفائل کیسوں میں شامل ہے۔ حافظ آباد ڈسٹرکٹ پنڈی بھٹیاں کے ٹی ایم اے سعدہ تھریم نے 13کروڑ 98لاکھ 44ہزار 582 روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں اور خورد برد کی تحقیقات کی درخواست دی جس میں سابق تحصیل ناظم عنصر عباس بھٹی، اظہر حسین کیشئر، ریکارڈ کیپر، سابق ٹی ایم او وقار حسین کاظمی، سابق ٹی او تنویر ارشد، سب انجینئر فیض حسین چٹھہ، ٹھیکیدار بابر جاوید گھمن، شاہ زیب احمد، رائے منصب علی، عمران حسین، نسیم عباس، رانا محبوب طفیل، شہباز حسین، ناصر عباس، شفقت حسین اور سینئر کلرک رانا اقبال کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں کے دوران سرکاری خزانے کی لوٹ مار کی اور 21اپریل 2010ء کو چند ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 3/10 درج کر لیا گیا تاہم تحقیقات انتہائی سست روی کا شکار رہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نور رشید نے بڑے کرپشن کے کیسوں کی تحقیقات تیز کرنے کے احکامات دئیے جس پر اس کیس کی تحقیقات بھی تیزی سے مکمل کی جاتی رہیں اور اب تمام تحقیقات مکمل ہونے پر چالان پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن