کالام کا رہائشی ڈینگی سے جاں بحق‘ راولپنڈی مزید 60 افراد میں وائرس کی تصدیق گوجرانوالہ میں بھی ایک کیس سامنے آگیا
سوات/ گوجرانوالہ (ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی) کالام کا رہائشی ڈینگی سے جاں بحق ہو گیا۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد 23 تک پہنچ گئی۔ 18 سالہ شیر زمین مبینہ طور پر ڈینگی سے پشاور ایل آر ایچ میں دم توڑ گیا تاہم محکمہ صحت سوات نے ڈینگی سے ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔ سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال میں صرف دو متاثرہ افراد زیر علاج ہیں جبکہ بیس متاثرہ افراد کو صحت یابی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی ڈینگی کا مریض سامنے آ گیا، متاثرہ نوجوان رفیق کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا لیکن ڈاکٹر اور دیگر سٹاف ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کے باعث مریض کے ورثاء متاثرہ نوجوان کو لاہور لیکر روانہ ہو گئے۔ دریں اثناء راولپنڈی میں مزید 60 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 660 ہو گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اب تک ڈینگی وائرس سے متاثرہ 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔