• news

ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے انا پرستی چھوڑنے کی ضرورت ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قانون اور آئین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ملک و قوم پریشانیوں کاشکار ہے، ہر ادارہ قانون اور اپنے دائرہ کار میں میریٹ کے مطابق کام کرے تو ملک امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے قوم کو متحد ہونے اور اناپرستی چھوڑنے کی ضرورت ہے ۔ تعلیمی ادارے قتل گاہیں بن چکی ہیں اور ہر ادارہ تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے۔ اداروں کی بربادی کی وجہ میرٹ کا قتل عام ہے ۔اگر میرٹ کے مطابق اداروں کو چلایا جائے تو ادارے ملکی خوشحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ہمارے تمام مسائل کی جڑ فکر آخرت سے رو گردانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تیمر گرہ میدان میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنما آزاد بخت کے بیٹے کی جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقتول کو دو روز قبل لاہور میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا جسے بدھ کے روز آبائی علاقہ میدان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ مقتول ایک طالب علم تھا ۔یہ پنجاب حکومت اور لاہور انتظامیہ کی نااہلی اور ناکامی ہے کہ دن دیہاڑے ایک معصوم طالب علم کو گولی مار دی گئی۔ یہ کیسا نظام تعلیم ہے جس میں تعلیمی ادارے قتل گاہیں بن چکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن