نیلم جہلم پن بجلی منصوبے پر مزید 138 ارب خرچ ہونگے: واپڈا ذرائع
اسلام آباد (خبر نگار) نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی لاگت میں اضافے کے پیش نظر وزارت پانی وبجلی نے سمری حکومت کو ارسال کردی ہے۔ منصوبہ مکمل کرنے کے لئے 1 سو 38 ارب روپے مزید خرچ ہوں گے، منصوبے پرخرچ ہونے والی اضافی رقم صارفین سے بجلی کے بلوں میں شامل کرکے وصول کی جائے گی۔نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ 2 سو 77ارب کے بجائے اب 4سو16ارب میں مکمل ہوگا۔ذرائع کے مطا بق واپڈا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گذشتہ دورحکومت میں منصوبے کی لاگت میں مطلوبہ اضافہ نہیں کیا گیا۔ اس سے پہلے دوہزارکے دو میں نیلم جہلم منصوبے کی لاگت چالیس ارب سے چوراسی ارب روپے کی گئی تھی ، وزارت پانی وبجلی نے سمری ایکنک کو منظوری کیلئے ارسال کردی ہے۔ واپڈا کی جانب سے وزارت پانی وبجلی کو نیلم جہلم منصبوبے کی لاگت میں اضافے کا ورکنگ پیپر بھجوایا گیا تھا۔