• news

تحریک انصاف بڑا پن دکھائے....عوام بتائیں الیکشن نتائج کیسے منوائیں : نوازشریف

کوٹلی (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو ترقی کا راستہ روکنے والوں کو راہ راست پر لانا چاہیے، ٹانگیں کھینچنے والے پیچھے رہ جائیںگے اور ملک ترقی کر تا رہے گا، ضمنی الیکشن کے نتائج قوم کے سامنے ہیں، عوام بتائیں نتائج کیسے تسلیم کروائے جائیں، اوکاڑہ میں پارٹی کے غلط فیصلے کے باعث دو لیگی رہنماﺅں کے درمیان مقابلہ ہوا، تیسرے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی، حقائق کو تسلیم کیا جائے بند آنکھوں سے بات نہیں بنے گی، ترقی کی راہ روکنے والے جانتے ہیں ترقی جاری رہی تو 2018ءمیں بھی وہ مقابلہ نہیں کر سکیں گے، تعمیری سیاست ہی پاکستان کو تعمیر کریگی، عوام نظر رکھیں کون مثبت اور کون منفی سیاست کررہا ہے۔ وہ کوٹلی آزاد کشمیر میں 102میگاواٹ کے گل پور پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاور پلانٹ دریائے پونچھ پر لگایا جائیگا جو 320 ملین ڈالر کی لاگت سے چار سال میں مکمل ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے تاہم اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں واضح کمی آئی اور یہ 12 گھنٹے سے کم ہوکر چھ گھنٹے تک آگئی ہے۔ پاکستان میں 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیداکرنے کی صلاحیت ہے۔ منصوبے کا افتتاح کر کے مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت کو کام کرنے سے روکنے والے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں آپ بھی ملک کی ترقی میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ ٹانگیں کھینچنے کی کوشش کرتے رہو گے اور ہم ترقی کی منزل طے کرتے جائیں گے اور آپ ٹانگیں نہیں کھینچ پائیں گے۔ نواز شریف نے کہاکہ ضمنی الیکشن کو ابھی 48گھنٹے نہیں گزرے اور نتائج تسلیم کرنے سے انکار ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ نتائج تسلیم نہ کرنے سے آپ میچور سیاستدان نہیں بن سکیں گے اور آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے کہا تھا حلقہ میں دھاندلی ہوئی اور سر دار ایاز صادق نے دوبارہ الیکشن میں حصہ لیا نتیجہ قوم کے سامنے آگیا، اسے بھی تسلیم نہیں کر تے۔ کیسے نتائج تسلیم کروائے جائیں۔ اوکاڑہ میں ہمارے ایک رہنما نے چالیس ہزار اور دوسرے نے 80ہزار ووٹ لئے اور یہ ہماری پارٹی کا غلط فیصلہ تھا اگر ہمارا ایک امیدوار ہوتا تو وہی ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرتا اور آپ کا امیدوار صرف سات ہزار ووٹ لے سکا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں ترقی کا جال بچھانے کی قسم کھائی ہے ترقی ہوگی تو پاکستان میں بے روز گاری کا خاتمہ ہوگا، ملک میں بجلی آئے گی خوشحالی آئے گی، انڈسٹری چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو بجلی ملے گی تو کسان کو فائدہ ہوگا، پہلے تیل مہنگا تھا پٹرول کی قیمتیں سستی ہوئی ہیں، مہنگائی کم ہوگئی ہے ہم نے کسانوں کو ساڑھے تین سو ارب روپے کا پیکج دیا، پیکج کو بھی یہ لوگ روک رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ٹانگیں کھینچنے والے جانتے ہیں اگر اسی طرح ترقی ہوتی رہی تو 2018ءمیں مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کو اسمبلی میں برقرار رکھنے کےلئے مدد کی میں نے مولانا فضل الرحمن اور ایم کیو ایم کو کہا اپنی قرار داد واپس لے لیں تاکہ استعفے دینے والے ارکان واپس اپنے گھروں میں نہ جائیں۔ ایم کیو ایم کو بھی منانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان میں تعمیر ی سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدانخواستہ اگر پیسہ بنانا چاہتے تو 120ارب روپے کی گڑ بڑ کر سکتے ہیں لیکن ہمارا ایسا شیوہ نہیں ہے ہم نے قوم کی امانت کو سمجھا اور اتنی بڑی رقم بچائی۔ وزیراعظم نے تحریک انصاف کو اپنا احسان بھی یاد دلایا، ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی سیٹیں برقرار رکھنے کے لئے ذاتی طور پر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے اچھے کاموں میں شامل ہوجائیں۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کو اتنی بلندیوں تک لے جائیں گے کہ کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے گا، ہم نے سیاست میں ٹانگیں کھینچنے کا سلسلہ بند کردیا، حکومت کو کام سے روکنے والوں کو تعمیری کاموں میں حصہ لینے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان کیلئے حب الوطنی کا جذبہ کسی سے کم نہیں ہے۔ تحریک انصاف بڑے پن کا مظاہرہ کرے اور حقائق کو تسلیم کرے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ جو لوگ حکومت کو کام سے روک رہے ہیں انہیں مثبت اور تعمیری کام میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں اگر وہ حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کی کوشش کرتے رہیں گے تو ایسا نہیں کرپائیں گے اور ہم ترقی میں بھاگتے چلے جائیں گے۔ ٹانگیں کھینچنے والی سیاست کو بڑا عرصہ پہلے ہم نے خیرباد کہہ دیا چند لوگ نہیں سمجھتے اور وہ اپنی انا اور ضد پر قائم ہیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اسے ہر قیمت پر پورا کریں گے۔ دریائے سندھ میں 60ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے میں کمپنی کو بھاشا اور داسو منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں داسو منصوبہ سے 4300میگا واٹ اور بھاشا ڈیم سے 4500میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ حکومت پاکستان ایل این جی کے ذریعے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے تین منصوبے لگا رہی ہے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گل پور پن بجلی منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے جانے پر بے حد خوش ہوں، منصوبے سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ دریں اثناءوزیراعظم نواز شریف آج حویلی بہادر شاہ جھنگ میں 1230 میگا واٹ پاور پلانٹ کی تعمیر کی تقریب سے خطاب کریں گے، اس سے 1230 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر دفاع اور پانی بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت عابد شیر علی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ جھنگ جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن