وزیراعظم نے سردست وفاقی کابینہ میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا‘ ذرائع
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے سردست وفاقی کابینہ میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔جمعرات کو حکومت کے اہم عہدیدار سے نوائے وقت نے وفاقی کابینہ میں توسیع کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع کے بارے میں کئی ماہ سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے کہا گیا ہے ماضی کی حکومتوں میں بھی وزراء کے درمیان اختلافی صورتحال رہی ہے وہ اس معاملہ کا سیریس نوٹس نہ لیں۔ وزراء کو اپنی اپنی وزارتوں کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف پچھلے ایک ہفتے سے امریکہ کے سرکاری دورے کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ ہرروز دورہ امریکہ کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لئے گھنٹوں اجلاس جاری رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنی کچن کیبنٹ سے مشاورت کے بعد سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا دوبارہ سپیکر بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ انہیں بلا مقابلہ سپیکر منتخب کرانے کی کوشش کی جائے گی۔وزیراعظم محمد نوازشریف دورہ امریکہ پر روانگی سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس 26اکتوبر کو بلانے کیلئے صدر کو سمری بھجوا دیں گے۔