• news

سیاست اور جمہوریت کا محور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت کا محور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ ہے، سیاست کو محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا، غریب صر ف اس تماشے کو دیکھ سکتا ہے حصہ نہیں لے سکتا۔اس جمہوری تماشے کا بنیادی مقصد اکثریت سے مال لیکر چند گھرانوں کو نوازنا ہے ، عوام کا کام صرف ٹیکس اور بجلی کے بل دینا رہ گیا ہے ۔ٹیکس دینے والے فاقہ کشی پر مجبور جبکہ ان ٹیکسوں پر پلنے والے عیش وعشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں، سٹیٹس کو‘‘کی حامی قوتیں عوام کو اپنا غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہیں۔ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو جب پکڑا جائے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور’’ مفاہمت‘‘ کی پالیسی کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ عوام ایسے چوروں اور لٹیروں کے چنگل سے نکلیں اور ملک میں عادلانہ اسلامی نظام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالا ت اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب اور کسان بورڈ کے صدر صادق خان خاکوانی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں کو عام آدمی کیلئے کھولنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ آئین کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ غریب کو کمتر یا حقیر سمجھے تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، لوگ انصاف کیلئے دہائی دے رہے ہیں، اسٹیٹس کو ،اب زیادہ دیر عوام کو اپنے مکر و فریب میں مبتلا نہیں رکھ سکتا، آزاد میڈیا نے نام نہاد خیرخواہوں کو بے نقاب کردیا اگر حکمرانوں نے روش تبدیل نہ کی تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔ ملک کا سب سے بڑا خاندان کسان ہیں ، جماعت اسلامی کسان ویلج کمیٹیاں بنائے گی، کسانوں کو بیدار اور متحد کرنے کی تحریک جاری رہے گی، حکومت نے ملکی معیشت کے دوبڑے ستونوں زراعت اور صنعت کو بری طرح تباہ کردیا ہے ،کسان اور مزدور حکومتی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، حکومت نے کسانوں کے مطالبات کی طرف توجہ نہ دی تو ملک بھر سے لاکھوں کسان اسلام آباد کا رخ کریں گے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مخلص اور دیانتدار لوگ آگے آئیں اور ملک کو ان لٹیروں کے چنگل سے نجات دلائیں۔

ای پیپر-دی نیشن