• news

تونسہ دھماکہ: جاں بحق افراد سپرد خاک‘ فضا سوگوار‘ کاروباری مراکز بند رہے‘ وکلا کا عدالتی بائیکاٹ

تونسہ (صباح نیوز+ این این آئی)تونسہ میں (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے میں خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ علاقے میں فضا سوگوار رہی۔ تعلیمی اور کاروباری ادارے بند رہے۔ دھماکہ خودکش تھا۔ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے سردار امجد فاروق کھوسہ کے قریبی عزیز زاہد قریشی اور اختر تنگوانی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقوں میں سپرد ِ خاک کردیاگیا۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان مبشر میکن کے مطابق حملہ آور نے لوگوں کے درمیان آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خود کش حملے کے خلاف انجمن تاجران کی اپیل پر دکانیں بند رہیں۔ وکلا نے بھی عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقے میں تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔ دوسری جانب تونسہ بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی۔ بم دھماکہ کالعدم تنظیم کے بالی گروپ نے کرایا حملہ آور کی عمر بیس سال تھی،دھماکے میں تیرہ کلوگرام بارودی مواد اور بال بیئرنگ استعمال کیے گئے۔ پولیس کے مطابق مبینہ خود کش بمبار کی عمر 20 سال تھی اور اس کے جسم کے حاصل ہونے والے اعضاء کو فرانزک تجزئے کے لئے بھیج دیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے چیف انسپکٹر خالد خان نے بتایا کہ دھماکے کے لئے 13 کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور بال بیئرنگ استعمال کئے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن