خوراک کا عالمی دن آج منایا جائیگا
لاہور ( این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا دن آج ( جمعہ ) کو منایا جائے گا۔عالمی خوراک کے مسئلے سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے اور بھوک ،ناقص غذا اور غربت کے خلاف جدوجہد میں اتحاد کو مستحکم کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے ممبر ممالک اس تاریخ کو عالمی یوم خوراک کے طور پر مناتے ہیں۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال خوراک کے عالمی دن کو ’’بھوک کے خلاف اتحاد‘‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ وہ لوگ جنہیں بنیادی ضرورت سے زائد خوراک میسر ہے‘ انہیں چاہئے کہ اپنی اس خوش نصیبی میں دوسروں کو برابر کا شریک سمجھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ایسے اقدامات کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا جس سے ہر شخص تک بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پنجاب حکومت نے خوراک کی کمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصر‘ درمیانی اور طویل مدتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ حکومت عوام کو خوراک کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے زراعت کے شعبے میں مختلف مراعات دے رہی ہے۔