سٹیل ملز کی نجکاری، وفاق کو سنجیدگی سے بات کرنا ہوگی، ایل این جی کی درآمد سے اندھیرے دور نہیں ہونگے: وزیر خزانہ سندھ
کراچی( صباح نیوز) صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے وفاق کو پاکستان سٹیل ملز کے لئے زمین کم قیمت پر دی تھی لہٰذا نجکاری سے قبل وفاق کو سنجیدگی کے ساتھ سندھ حکومت سے بات کرنا ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کی خریداری سے متعلق کوئی بات نہیں کی، نہ جانے وفاق میں بیٹھ کر ایسی باتیں کیوں کی جاتی ہیں۔انہوں نے ایل این جی کی درآمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کے اندھیرے دور نہیں ہونگے۔ایل این جی منصوبہ یا کوئی اور طریقہ کار بجلی کی قلت دور نہیں کرسکتا۔ سب مل کر تھر پر سرمایہ کاری کریں تو دو سو سال کے لئے بجلی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے سندھ کے بیشتر ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈالی۔