مودی کا سبھاش چندر بوس کی زندگی سے متعلق خفیہ فائلیں عام کر نے کا اعلا ن
نئی دہلی(آن لائن)بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ آزاد فوج کے بانی نیتا جی سبھاش چندر بوس کی زندگی سے متعلق خفیہ فائلوں کو عام کیا جائے گا۔نریندر مودی نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ تاریخ کو دبانے کی ضرورت نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ جو ملک اپنی تاریخ کو بھول جاتے ہیں وہ تاریخ نہیں بنا پاتے۔ مودی کا کہنا تھا کہ نیتا جی سے متعلق فائلوں کو عام کرنے کا کام ان کی سالگرہ 23 جنوری سے شروع کیا جائے گا۔اس اعلان سے پہلے مودی نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔حال ہی میں ریاست مغربی بنگال کی حکومت نے نیتا جی سبھاش چندر بوس سے متعلق 64 فائلیں عام کی تھیں۔ یہ فائلیں 12 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہیں۔ ہندوستان کی تحریک آزادی کے رہنما سبھاش چندر بوس کی موت اب تک معمہ بنی ہوئی ہے۔زیادہ تر فائلیں بوس اور ان کے اہل خانہ سے متعلق خفیہ حکام کی رپورٹیں ہیں۔ ان فائلوں میں ہندوستان کی آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد کی دستاویز بھی شامل ہیں۔