• news

’’امریکہ نیوکلیئر ہتھیار محدود کرنے کیلئے ڈیل کرنا چاہتا ہے، پاکستان مشکل سے ہی تیار ہو گا‘‘

نیویارک (نمائندہ خصوصی) واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ جو نیوکلیئر ڈیل کرنا چاہتی ہے اس کے ابتدائی مراحل میں اس کے نیوکلیئر ہتھیار بنانے کی صلاحیت محدود ہو جائے گی۔ امریکہ پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیار محدود کرنے کے لئے یہ نیوکلیئر ڈیل کر رہا ہے۔ اخبار نے تاہم اس شبے کا اظہار کیا ہے کہ دیکھنا ہے کہ آیا پاکستان اسے قبول کرتا ہے یا نہیں۔ پہلے صفحہ پر اپنی خبر میں اخبار نے لکھا ہے کہ نوازشریف کی اگلے ہفتے امریکہ آمد سے قبل مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ امریکہ کی خصوصی طور پر توجہ پاکستان کے ایسے چھوٹے نیوکلیئر ہتیھاروں کی تنصیب پر ہے جس طرح اس نے سوویت یونین کو ڈرانے کے لئے سرد جنگ کے دوران یورپ میں نصب کئے تھے۔ اخبار کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ پاکستان اپنے اس پروگرام کو محدود کرنے پر رضامند ہو جائے جو اس کے لئے قومی فخر کی علامت ہے۔ اور یہ بھارت کے خلاف ایک حقیقی دفاع ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستانی پروگرام سے آگاہ پیٹر لوائے کی قیادت میں مذاکرات ہو رہے ہیں۔ تاہم وائٹ ہائوس نے اس حوالے سے کسی تبصرے سے گریز کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن