• news

داعش انٹرنیٹ کے ذریعے طلباء کے عقائد برباد کررہی ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ صلیبی و یہودی پاکستان اور افغانستان میں داعش کا فتنہ پروان چڑھانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں، سعودی عرب میں بھی فتنہ تکفیر پھیلانے اور فساد بھڑکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، عالم اسلام متحد ہو کر اس فتنہ کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے، ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، فرقہ وارانہ لڑائی جھگڑے ختم اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے، مدارس کے خلاف دہشت گردی کا مغربی پروپیگنڈا درست نہیں، داعش انٹرنیٹ کے ذریعہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے عقائد برباد کر رہی ہے، فتنہ تکفیر کا شکار ان لوگوں کو فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کا بہتا ہوا لہو نظر نہیں آتا، مسلم حکمرانوں و افواج کے قتل کے فتوے دینے والے دشمنان اسلام کے مذموم ایجنڈے پروان چڑھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ صلیبی و یہودی سازشوں سے اسلام و مسلمانوں کو بہت نقصانات اٹھانا پڑے ہیں، آج بھی مسلمانوں کے خلاف وہی پرانا انداز اختیار کیا جارہا ہے۔ یہودی و ہندو غزہ اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کو گولیوں سے چھلنی کر رہے ہیں لیکن معصوم بچوں وعورتوں کی چیخیں انہیںسنائی نہیں دیتیں۔ داعش جیسی تنظیم کے اہلکار اسرائیل کی سرحد پر بیٹھے ہیں لیکن یہودی درندوں کا ہاتھ روکنے کی بجائے مسلمانوں کا ہی قتل و خون کر رہے ہیں۔ داعش کے خوفناک فتنہ کی آبیاری امریکہ کر رہا ہے اور نیا پینترا بدل کر روس کو شام میں مسلمانوں کے خلاف حملوں کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش جیسی تنظیموں نے مدارس کی بجائے یونیورسٹیوں کو ٹارگٹ کر رکھا ہے۔ اس وقت معمول کے حالات نہیں ہیں، امریکہ جو کام خود نہیں کر سکا وہ بھارت سے لینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن