• news

بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ جاری، ساہیوال، گکھڑ منڈی میں لوگوں کا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کاروبار زندگی متاثر رہائشی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جبکہ لوڈشیڈنگ کیخلاف ساہیوال اور گکھڑ منڈی میں لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گئی جس کی وجہ کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق فنی خرابی کے باعث نیو گکھڑ فیڈر پر صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مسلسل 6گھنٹے بجلی بند رہی جس سے صارفین کو شدید ذہنی کوفت اٹھانا پڑی اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا رہا، خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی اور نمازیوں کو نماز کی ادائیگی میں وقت کا سانا کرنا پڑا۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کیا اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق واپڈا کی جانب سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کئے جانے سے شہر اور اسکے گردونواح میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی بند رہنے لگی جس سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن