• news

شیخوپورہ: بس اور وین میں تصادم، 6 افراد جاں بحق،30 زخمی

لاہور+ خیبر ایجنسی (نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) دو مختلف ٹریفک حادثات میں دو بچوں اور تین خواتین سمیت 11افراد جاں بحق اور 32زخمی ہو گئے جن میں سے 9کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیللات کے مطابق نارنگ منڈی میں نیوکالاخطائی لاہورروڈپرالہ پورسیداں کے قریب تیز رفتارمسافربس اورٹیوٹاوین کے تصادم میں دو بچوںاور تین خواتین سمیت 6 افراد جاںبحق ہوگئے جبکہ 30 مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 9 کو تشویشناک حالت کے باعث لاہورمیوہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔ حادثہ کے باعث دوگھنٹے تک ٹریفک جام رہی۔ ٹیوٹا وین نارووال سے لاہورجارہی تھی۔ تصادم میں وین کے پرخچے اڑ گئے۔ ڈرائیورمعراج دین، شاہدہ خالد، 12سالہ علی حمزہ، صفیہ بی بی، نرگس بی بی اور10سالہ نامعلوم لڑکا جس کی تاحال شناخت نہیںہوسکی ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوںمیں نواب بی بی، ارشد، عمرسلمیٰ، زاہدہ، رمزہ بیگم، جبارعبدالرزاق وغیرہ کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوںکو1122کے ذریعے لاہوراورمقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ زخمیوںکو وین کاٹ کرنکالا گیا جبکہ مسافروںکے لوتھڑے بھی وین سے چپکے ہوئے تھے۔ شہریوںنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ خطرناک موڑپرحادثات روزانہ کامعمول بن چکے ہیں اور یہاں قبضہ گروپ نے زبردستی ناجائز کھوکھے بنارکھے ہیںجس کی وجہ سے مخالف سمت سے آنے والی ٹریفک کا پتہ نہیں چلتا۔ یہاں سڑک کی چوڑائی بھی بہت کم ہے واضح رہے کہ خطرناک موڑ پر ایک ماہ کے دوران یہ 14واں حادثہ ہے۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی میں طورخم بازار کے قریب مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو ئے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے شیخوپورہ میں نارروال روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن