قندوز: ہسپتال پر فضائی حملہ پاکستانی کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا: تجزیہ نگار
واشنگٹن/ نیویارک (صباح نیوز) امریکی سپیشل آپریشنز تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ امریکی فورسز نے افغانستان کے شہر قندوز کے ہسپتال پر فضائی حملہ وہاں ایک پاکستانی کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جو انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ طالبان کی سرگرمیوں کو مربوط کر رہا تھا۔ انٹیلی جنس ایجنسیاں ایک مبینہ، پاکستانی آپریٹو اور اس کی سرگرمیوں کو ٹریس کر رہی تھیں۔ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق مذکورہ ہسپتال کو طالبان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی جانب سے استعمال کیا جا رہا تھا اور وہاں بھاری اسلحہ موجود تھا۔ امریکی تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ یہ حملہ بالکل منصفانہ تھا۔ وہ اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ حملے کے دوران ہسپتال میں موجود پاکستانی بھی مارا جا چکا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ پاکستانی کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کیلئے کام کرتا تھا۔ پاکستان نے افغانستان کے شہر قندوز کے ہسپتال میں امریکی حملے کے وقت پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے کارکن کی موجودگی کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔