شیوسینا نے نئی دہلی میں بھی گلوکار غلام علی کا کنسرٹ الٹانے کی دھمکی دیدی‘ یہ ممبئی نہیں‘ ’’آپ‘‘ حکومت کا ردعمل
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے پاکستانی گلوکار اور غزل کے شہنشاہ استاد غلام علی کے نئی دہلی میں جانے والے کنسرٹ کو بھی ہر قیمت پر روکنے کی دھمکی دیدی۔ نئی دہلی شیوسینا یونٹ کے صدر اوم دت شرما نے اپنے بیان میں کا کہ ہم نئی دہلی حکومت کی طرف سے پاکستانی گولکار غلام علی کو کنسرٹ کیلئے بلانے کی شدید مذمت کرتے ہیں ہم یہ کنسرٹ نہیں ہونے دیں گے اور اسے روکنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غلام علی صاحب سے کوئی مسئلہ نہیں ہم پاکستان سے ثقافتی مراسم بڑھانے کے مخالف ہیں۔ اس پر اپنے ردعمل میں نئی دہلی حکومت کے وزیر ثقافت کپل مشرا نے کہا کہ یہ نئی دہلی ہے ممبئی نہیں۔ غلام علی کے کنسرٹ میں جو 8نومبر کو ہو رہا ہے، کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ یا دشواری نہیں ہے۔ یہاں غلام علی کو سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ہم نے انتظامات کررکھے ہیں۔