سرگودھا میں قتل کے ایک مجرم کو آج پھانسی دی جائیگی
سرگودھا/ بھیرہ/ سیالکوٹ/ بہاولپور (نامہ نگاران) سرگودھا میں قتل کے ایک مجرم کو آج پھانسی دی جائے گی، بھیرہ اور سیالکوٹ میں 2 مجرموں کو 20 اور 22 اکتوبر کو تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں قتل کے مجرم اللہ دتہ کے ڈیتھ وارنٹ جیل حکام کو موصول ہوگئے، مجرم کو آج صبح پھانسی دی جائیگی۔ سزائے موت کی سزا پانے والے اللہ دتہ نے اکتوبر 2002ء میں اپنے ہمسائے حبیب احمد کو قتل کردیا تھا۔ اس کے لواحقین سے آخری ملاقات بھی کروا دی گئی۔ صدر مملکت نے بھیرہ کے محلہ ڈھبے والی کے مقدمہ قتل کے مجرم محمد فاروق حجام کی رحم کی اپیل خارج کردی ہے اور مجرم کو 20 اکتوبر کو ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں پھانسی دی جائے گی۔ قاتل محمد فاروق نے 2003ء میں اپنے ہی محلہ کے ایک نوجوان احسان اللہ راجپوت کوخنجر کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا تھا۔ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں دوہرے قتل کے مقدمہ کے مجرم شاہد ندیم کو 22اکتوبر کو پھانسی دے دی جائے گی۔ مجرم شاہد ندیم کو 13 اکتوبر کو پھانسی دی جانی تھی لیکن پھانسی سے چند منٹ قبل ایک مقتول کے عزیز کے آجانے اور راضی نامہ کی کوشش پر مجسٹریٹ نے پھانسی روک دی تھی۔ گزشتہ روز مقتولین کے عزیز و اقارب نے مجسٹریٹ تسلیم اختر کی عدالت میں آکر بیان دیئے کہ ہمارا کوئی راضی نامہ نہیں ہو رہا ہے جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ محمد یوسف اوجلہ نے مجرم شاہد ندیم کو 22اکتوبر کو پھانسی دینے کیلئے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے۔ واضح رہے اسی مجرم شاہد ندیم کے ساتھی مجرم انور شمیم کو 15اکتوبر کی صبح سنٹرل جیل لاہور میں پھانسی دی گئی تھی۔ دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت بہاول پور کے جج خالد ارشد نے قتل کے جرم میں ملوث ایک مجرم سرمد کو سزائے موت، مجموعی طور پر 14سال قید، مقتول کے ورثا کو 5لاکھ روپے حرجانہ کی ادائیگی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ مجرم کے دیگر ساتھی ریحان رشید کو مجموعی طور پر 14سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر 2سال مزید قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔ تیسرے مجرم عطاء الرحمن کو 2سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ استغاثہ کے مطابق مذکورہ تینوں مجرموں نے بہاول نگر سٹی چوک میں محکمہ تعلیم کے 2ملازمین سے گن پوائنٹ پر امتحانی کاپیاں چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک راہگیر نوجوان عمر فاروق فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر نے مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جس کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ایڈیشنل سیشن جج بھلوال عبدالحق نے تھانہ بھیرہ کے مقدمہ قتل کے ملزم مظہر عباس کو سزائے موت کا حکم سنا دیا ہے جبکہ اس مقدمہ میں ملوث تین ملزمان سلطان ، اللہ دتہ اور احمد کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا۔ سزائے موت پانے والے ملزم مظہر عباس نے درینہ دشمنی کی بنا ء پر 13مئی 2011ء کو فائرنگ کر کے حامد علی کو قتل کر دیا تھا ۔