• news

2018ءالیکشن کا سال ہوگا‘ نواز شریف ”خودکش حملہ“ کر سکتے ہیں: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ 2018ءالیکشن کا سال ہوگا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ علیم خان نے الیکشن میں اپنا پیسہ خرچ کیا۔ انہیں پیسے کی وجہ سے نہیں بلکہ اسلئے سامنے لائے کہ وہ پڑھا لکھا انسان تھا۔ چودھری سرور نے پارٹی کو منظم کیا جو میں نہیں کر سکتا تھا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی ہجوم نہیں انسان کا نظریہ لیکر آتا ہے۔ یہ غلط فہمی ہے کہ ہجوم اکٹھا ہوکر تبدیلی لاتا ہے۔ کسی ایک شخص کا نام بتا دیں جس کی میں نے سفارش کی ہو۔ جہانگیر ترین سیلف میڈ ہے، شوگر ملز اپنی قابلیت سے بنائیں۔ معاشرے میں میرٹ نہ ہو تو اقربا پروری عام ہو جاتی ہے۔ خیبر پی کے میں پارٹی ارکان کے رشتے داروں کو آگے لانے پر افسوس ہے۔ آفتاب شیرپاﺅ کے ساتھ اتحاد صوبائی حکومت کا فیصلہ تھا۔ آفتاب شیرپاﺅ کے 2وزراءکے خلاف شکایات تھیں جس وجہ سے نکالا۔ سندھ اور پنجاب پولیس سے لوگ ڈرتے ہیں۔ نواز شریف کی تاریخ ہے یہ اپنے اوپر خودکش حملہ کر سکتے ہیں۔ تحریک انصاف لوگوں کو تعلیم اور باشعور شہری بناکر ملک میں ترقی چاہتی ہے۔ نواز شریف کی وجہ سے ابھی سے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے۔ مسلم لیگ (ن) سڑکیں اور انڈر پاسز بناکر ملک میں ترقی چاہتی ہے۔ خیبر پی کے میں 350 چھوٹے بجلی گھر مکمل کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) بڑے پراجیکٹس سے کمیشن بناتی ہے، میٹرو بس منصوبے پر 150 ارب روپے لگا دیئے گئے۔ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوگا۔ چھوٹے صوبوں کو انکے حقوق نہیں مل رہے۔ خیبر پی کے میں ماڈل ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ عوام نے کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیئے ہیں۔دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ دانیال عزیز ایک جھوٹا اور بے شرم آدمی ہے، صرف اور صرف ایک وزارت کیلئے اپنا ضمیر بیچنا چاہتا ہے۔ میں میاں نوازشریف سے کہتا ہوں کہ اس ضمیر فروش کو وزارت دے ہی دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن