• news

رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن بائولنگ‘ سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو گال ٹیسٹ میں اننگز اور 6 رنز سے شکست دے دی

گال(سپورٹس ڈیسک )سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں باآسانی اننگز اور 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔گال میں کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 484 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی لیکن جواب میں ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب ویسٹ انڈین ٹیم 251 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔ہیراتھ نے 68 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔فالو آن کے بعد بھی ویسٹ انڈیز کی صورتحال کچھ مختلف نہ تھی اور تمام کھلاڑی غیر ضروری شاٹس کھیل کر آؤٹ ہوتے رہے۔ایک بار پھر ہیراتھ مہمان ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب بنے رہے اور 92 رنز بنانے والے جرمین بلیک وڈ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین 227 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے ساتھ ہی سری لنکا نے اننگز اور چھ رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔رنگنا ہیراتھ نے تاہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 147 رنز کے عوض10 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 22 اکتوبر سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن