برطانوی سارہ ٹیلر مردوں کے کرکٹ میچ میں شرکت کرنیوالی پہلی کھلاڑی بن گئیں
ایڈیلیڈ(سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کی خاتون کرکٹر سارہ ٹیلر نے مردوں کے میچ میں شرکت کر کے کرکٹ کی دنیا میں ایک تاریخ رقم کر دی۔ہفتے کو انہوں نے آسٹریلیا کے مردوں کی گریڈ کرکٹ میں ناردرن ڈسٹرکٹ اور پورٹ ایڈیلیڈ کے درمیان میچ میں شرکت کی۔جنوبی آسٹریلیا میں ہونے والے اس میچ میں وہ بطور وکٹ کیپر ناردرن ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ناردرن ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پورٹ ایڈیلیڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب ایڈیلیڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 177 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔میچ سے قبل ٹیلر نے کہا تھا کہ وہ نروس ہونے کے ساتھ ساتھ بہت پرجوش بھی ہیں۔انگلینڈ کی ویمن ٹیم کی جانب سے آٹھ ٹیسٹ، 98 ایک روزہ اور 73 ٹی20 میچز کھیلنے والی سارہ نے کہا کہ میں ہمیشہ سے یہ بات جاننا چاہتی تھی کہ میں کرکٹ میں کہاں کھڑی ہوں۔کرکٹ آسٹریلیا کے ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر کسی میں قابلیت ہے تو اس کیلئے دروازے کھلے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ انہیں صرف لڑکی نہ سمجھا جائے بلکہ وہ صرف ایک کھلاڑی ہیں۔ ویمن کرکٹرز اب پہلے سے زیادہ پروفیشنل ہو چکی ہیں لہٰذا اب بہترین خواتین کھلاڑیوں کیلئے پہلے سے زیادہ مواقع ہیں۔ہمیں فخر ہے کہ ہمارے خواتین کے ڈومیسٹک مقابلے میں بلاشک و شبہ دنیا میں سب سے بہترین ہیں اور سارہ کا مردوں کی ٹیم میں کھیلنا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔