• news

اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام علاقے مستفید ہونگے: چینی سفیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں چینی سفیر شن وائی ڈونگ نے پاکستان اور چین کے تعلقات اور تعاون کو دنیا بھر میں ممتاز اور بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی دو ہمسایہ ممالک اس بلندی اور گہرائی کی مثال پیش نہیں کر سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ اپریل میں چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران اربوں ڈالر سرمایہ کاری کے حامل 50 سے زائد معاہدوں نے دونوں ممالک کی دوستی‘ اعتماد اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سینٹ ہال میں یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت سے اپنے خطاب میں چینی سفیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری سے پاکستان کے تمام علاقے کے عوام مستفید ہونگے اور ساہیوال‘ جھنگ‘ پورٹ قاسم پاور پلانٹس سمیت گوادر بندر گاہ کی تعمیر سے پاکستان کی معاشی ترقی کو مضبوط بنیاد فراہم ہوگی۔ شن وائی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان میں قراقرم ہائی وے کی تعمیر سمیت ملتان، کراچی موٹر وے اور مواصلاتی انفراسٹرکچرکی ترقی سے علاقائی ترقی کو نئی جہت میسر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان میں توانائی‘ انفراسٹرکچر اور دوسرے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کنفیوشس دنیا کے عظیم فلاسفر تھے جنہوں نے مساوات انسانیت اور تعلیم کا درس دیتے ہوئے انسانی تعلقات میں احساس اور اخلاص کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پاکستان میں چینی زبان کی ترویج سمیت چینی ثقافت اور رہن سہن کو پاکستانی بھائیوں سے متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر موسم کے بہترین ہمسایہ ممالک کے عوام جب ایک دوسرے کی زبان سے جانکاری پائیں گے تب دوستی میں مزید گہرائی اور وسعت آئے گی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی کے 20 اساتذہ چینی اداروں سے پی ایچ ڈی کر چکے ہیں جبکہ درجنوں طلباء پوسٹ ڈاکٹریٹ کیلئے چین میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں ستارہ گروپ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پنجاب کے تاجروں ، صنعتکاروں اور برآمدکندگان کو زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے لاہور میں چین کا قونصل خانہ کھول دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی گارٹی پر پاکستان سے چین جانے والے تاجروں کو کھلے دل سے ویزے جاری کئے جارہے ہیں۔ ستارہ گروپ کے میاں جاوید اقبال نے کہا کہ چینی تعاون سے لگنے والے بجلی گھروں سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ صنعتی ترقی کی رفتار بھی مزید تیز ہوگی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری نواز نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا۔

ای پیپر-دی نیشن