• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کیخلاف زبردست مظاہرے‘ پاکستانی پرچم لہرائے گئے‘ جھڑپوں میں بیسیوں زخمی و گرفتار

سری نگر (اے این این ) مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے خلاف پائین میں احتجاجی مظاہرے ٗ ہڑتال ٗ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں بیسیوں افراد زخمی ٗ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا ٗ مشتعل نوجوانوں نے پاکستانی پرچم لہراکربھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی ٗ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور مرچی گیس کا استعمال ٗ ادھر پلوامہ میں مجاہدین کے ایک گروپ نے پولیس سٹیشن پر دھاوا بول دیا ٗ فائرنگ سے دو اہلکار زخمی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے پائین شہر میں پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ۔نوہٹہ اور اسکے ملحقہ علاقوں میں نوجوانوں نے پاکستانی پرچم لہرا کرآزادی اور اسلام کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا ۔اپنے ہاتھوں میں پوسٹر لئے احتجاجی نوجوانوں نے جلوس نکالنے کی کوشش کی ۔تاہم پولیس نے ان کا تعاقب کرنا شروع کیا جس دوران احتجاجی نوجوانوں نے پتھرائو کیا۔ دوسری جانب جنوبی قصبہ پلوامہ میں برقعہ پوش مجاہدین نے اچانک پولیس سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ایس او جی سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ سمیت بیسیوں حریت رہنما بدستور گھروں میں نظر بند ٗ باجماعت نماز ادا کرنے سے محروم۔بھارتی فوج نے گھروں کے باہر سکیورٹی مزید سخت کردی ٗ حریت قائدین نے نظربندیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے فی الفور رہائی کا مطالبہ کردیا۔ حریت کانفرنس (گ) نے کشمیری طلباء پر حملے کیخلاف ریاستی انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی انتظامیہ اور قابض بھارتی فوج انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں ٗ حکومت معاملے کو محض زبانی جمع خرچ سے ٹالنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر کو ایک زندہ حقیقت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ٗ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہوچکا ٗ پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کے درمیان نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کو یقینی بنائیں۔ دختران ملت کی صدر سیدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے ٗ کشمیری نوجوان آزادی کے حصول کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں ٗ وادی بھر میں پاکستانی جھنڈوں کا لہرانا جمہوریت کے دعویدار بھارت کیلئے ایک سبق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن