پیپلز پارٹی کارساز بم دھماکوں کی آٹھویں برسی آج منائیگی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی نے بتایا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی آٹھویں برسی آج بروز اتوار منائی جائیگی۔ اس موقع پر یادگار شہدا پر پارٹی کارکنان جمع ہوںگے اور شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر یادگار شہداء پر پی پی کراچی ڈویژن کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں شہدائے کارساز کو ایصال ثواب کیلئے شام 4 بجے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی منعقد ہو گی۔ برسی کے حوالے سے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر 2007ء کے کارساز سانحہ کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ اس سانحہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبال والے جلوس کے ٹرک کے قریب ہونے والے 2 زوردار بم دھماکوں کے نتیجے میں تقریبا 200 جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کے آج کے دن پاکستان کے عوام اور جیالوں نے اپنے خون سے ایک تاریخ رقم کی۔ ملک کے چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا سے لاکھوں عوام نے پاکستان کے تجارتی مرکز والے شہر پہنچ کر دہشت گرد اور انکے سپانسرز کو یہ واضح پیغام دیدیا تھا کہ وہ ملک میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف متحدہ ہو کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ شہیدوں کے ورثا کی دیکھ بحال کیلئے انکی قربانیوں کو ایک لمحہ کیلئے فراموش نہیں کریں گے۔ دریں اثنا سندھ کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ کار ساز کی تفسیش میں سابق وزیراعلی ارباب غلام رحیم کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا بے نظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔