• news

دہشت گردوں کے باطل نظریات کو قرآن و سنت کی روشنی میں مسترد کیا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد تحریک منہاج القرآن کے بانی اور سرپرست ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کے 35 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اپنی 35سالہ لازوال جدوجہد میں علم، امن کے فروغ اور دین محمدیؐ کی ترویج اور اشاعت اور نشاۃ ثانیہ کیلئے دنیا بھر میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ اسلام کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی الزام تراشیوں سے پاک کرنے کا اعزاز بھی اللہ نے علمی، فکری تحریک تحریک منہاج القرآن کو عطا کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے علمائ، سکالرز، پروفیسرز، قرا حضرات احیائے دین اور عشق مصطفی کی شمعوں کو روشن رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں پہلی بار تحریک منہاج القرآن نے علمی و فکری سطح پر دہشت گردوں کے باطل نظریات کو قرآن و سنت کی روشنی میں مسترد کیا اور 600صفحات پر مشتمل ڈاکومنٹ جاری کیا جس کے تراجم انگریزی، ہندی، عربی اور فرنچ زبانوں میں پوری دنیا میں پڑھے جا رہے ہیں اور دنیا اسلام اور دہشت گردی کو متضاد فکر کے طور پر تسلیم کرنے پر مجبور ہوئی۔ یوم تاسیس کے حوالے سے سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہاکہ ادارہ منہاج القرآن نے 700سے زائد تعلیمی ادارے قائم کرکے لاکھوں طلبا و طالبات کو معیاری اور سستی تعلیم کا دینی فریضہ انجام دیا۔ تحریک منہاج القرآن محض مذہبی تحریک نہیں بلکہ یہ ایک علمی، روحانی، فکری، سماجی خدمت کی تحریک ہے اور عاشقان رسول کا یہ قافلہ ہرگز گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن