سانگلہ اور شاہکوٹ میں مثالی ترقیاتی کام کرائیں گے: برجیس طاہر
سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور پاک چین باہمی اعتماد سازی کا نتیجہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان خطے کی ایک مضبوط معاشی قوت بن کر ابھرے گا۔ مسلم لیگ (ن) انشاءاللہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوگی، موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد جس تیزی سے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وہ چک نمبر 5 رتیاں آرائیاں میں یونین کونسل نمبر 1 مڑھ بلوچاں سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چیئرمین رانا بشیر احمد اور وائس چیئرمین میاں محمد الیاس کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے، جلسہ کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے تحصیل صدر میاں اعظم شریف نے کی۔ اس موقع پر چوہدری نبیل ادریس، میاں سرفراز احمد، بابر بشیر چیمہ، خالد محمود گورائیہ، عبدالوحید گولڈی، رانا شاہد محمود، علی گورائیہ، عامر جاوید ہاشمی، تنویر احمد بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے مزید کہا کہ حکومت کو معاشی میدان میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔ شاہ کوٹ کے بازاروں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور سڑکوں کو پختہ کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ تقریباً ڈھائی سال کی مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور آئندہ سالوں میں ترقی کے اس سفر میں مزید تیزی آئیگی اور سانگلہ ہل اور شاہ کوٹ ترقی کے حوالے سے مثالی ثابت ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار انشاءاللہ انتخابات میں کامیابی کے بعد علاقے کی خدمت کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے اور نام نہاد تبدیلی کے دعوےداروں کا جواب ترقی اور اعلیٰ کردار سے دیں گے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر باوا ارشاد علی سلطانی کی رہائشگاہ پر بھی گئے۔
برجیس طاہر