بیجی آئل ریفائنری اور شہر کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر کے داعش کو باہر نکال دیا : عراقی فوج کا دعوی
بغداد (صباح نیوز + اے پی پی )عراقی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک سال سے داعش کے قبضے میں رہنے والی بیجی آئل ریفائنری اور بیجی شہر کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرتے ہوئے گھمسان کی لڑائی کے بعد داعش کو وہاں سے نکال باہر کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراقی فوج بیجی شہر کے جنوبی حصے سے اندر داخل ہوئی اور شدت پسندوں کے زیرقبضہ تیل صاف کرنے والے کار خانے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ عراقی فوج کاکہنا ہے کہ لڑائی کئی ہفتے جاری رہی جس میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عراقی فوج نے نہ صرف بیجی شہر کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے بلکہ الفتحہ اور الصینیہ نامی علاقے بھی داعش سے چھڑا لیے گئے ہیں۔عراقی فوج، قبائلی جنگجوﺅں اور کرد فوجیوں پر مشتمل مشترکہ فورس نے شمالی عراق میں داعش کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کرتے ہوئے ان کے اسلحہ کے ذخائر کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ دوسری جانب عراق کو حال ہی میں فراہم کئے گئے روسی ایس یو 30 جنگی طیارے داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایس یو 30 جنگی طیاروں نے صوبہ صلاح الدین میں داعش کے 3 ٹھکانے تباہ کر دیئے اور شہر موصل جانے والے دہشتگردوں کے قافلے کو بھی نشانہ بنایا۔
عراق