مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کا پارٹی پالیسی پر کوئی اختلاف نہیں، عمران کو ’’دھاندلی‘‘ چمٹ گئی ’’بلا‘‘ سے جان چھڑائیں: پرویز رشید
لاہور(خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے عمران خان سے ملک سے دہشت گردی‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے‘معاشی ترقی اور امن کے قیام کیلئے حکومت کا ساتھ دینے اور پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے دھاندلی کے الزامات جوڈیشل کمشن ‘الیکشن ٹر یبونل ‘احتجاجی دھرنوں اور ضمنی انتخابات میں عوامی عدالت سے بھی مسترد ہو چکے ہیں انکو چاہیے باقی اڑھائی سال احتجاج میں ضیاع نہ کریں ‘دھاندلی عمران خان سے ’’چمٹ‘‘چکی ہے انکو چاہیے وہ خود کو دھاندلی سے الگ کر لیں اور اس بلا سے جان چھڑائیں ورنہ دھاندلی کی سیاست انکو مزید سیاسی نقصان پہنچائے گی ‘برطانیہ کی 400سالہ تاریخ میں دھاندلی کا صرف ایک کیس بنا ہے وہ چوہدری سرور کے خلاف بنا ہے اور آج وہی چوہدری سروردھاندلی روکنے کیلئے ‘‘سکول‘‘ بنا کر دھاندلی روکنے کی تر بیت دے رہے ہیں ‘ وزیر اعظم نوازشریف پر حملے کے حوالے سے’’ را‘‘ کی جو منصوبہ بندی سامنے آئی ہے اسکی پوری دنیا ہی مذمت کریگی اور پاکستان بھی اپنے وزیر اعظم سمیت تما م شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریگا۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے عام انتخابات کے بعد دھاندلی ہونے کے شک کا اظہار کرتے ہوئے کچھ عرصے بعد ہی احتجاجی دھرنوں کی سیاست کا آغاز کر دیا اور 14اگست 2014کو احتجاجی مارچ کے ذریعے وفاقی دارالحکو مت پر یلغار کر دی اور طاہر القادری کے ساتھ ملکر اپنے لشکر کے ہمراہ پارلیمنٹ ‘پی ٹی وی پر حملہ کر دیا اور بد زبانی کرنے کے حوالے سے جتنا معیار وہ حاصل کر سکتے تھے وہ کرتے رہے اور دھمکیاں دینے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اس کے باوجود ہم نے صبر کیا وہ پھر ایک وقت وہ بھی آیا جب دھرنے میں عمران خان کے پاس خالی کر سیاں اور کنٹینر کے سواکچھ نہیں تھا اس دھرنے کے دوران پورے ملک کی کسی منڈی ‘سکول ‘تنظیم نے انکے دھرنے کی حمایت نہیں کی اور آخر کار عمران خان نے دھرنا ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے بعد ہم نے تحریک انصاف کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنایا مگر وہاں بھی عمران خان دھاندلی کے حوالے سے کوئی الزام ثابت نہ کر سکے اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلے میں جسٹس افتخار محمد چوہدری ‘کسی بریگیڈئرکے دھاندلی میں ملوث ہونے اور 35پینکچرز کے الزامات کو مستردکر دیا گیا جس کے بعد عمران خان نے لاہور میںاین اے122میں دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا لیکن یہاں بھی عمران خان کے الزامات غلط ثابت ہوئے اور ضمنی انتخابات میں بھی الزامات عوام نے مسترد کر دیئے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے بعض لوگوں کے ذاتی اختلافات ہو سکتے ہیں مگر وزیراعظم نوازشریف اور پارٹی پالیسی کے حوالے سے کسی کا کوئی اختلاف نہیں کیا اور مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اور حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کرتا ہے۔ کسی قسم کے ذاتی اختلافات سے حکومت کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی اور ’’دونوں وفاقی وزرائ‘‘ کے پارٹی کے مشترکہ دوست موجود ہیں جو صلح کیلئے نیکی کا کام بہتر انداز میں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بچہ بھی دھاندلی کے الزام کو نہیں مانتا۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں تمام مسائل پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایٹمی ہتھیار مکمل محفوظ ہیں اور نوازشریف سے زیادہ اس کی حفاظت کوئی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان اپنے حصے سے زیادہ کر چکا ہے۔ اب عالمی برادری مزید بڑھ کر تعاون کرے۔