• news

باجوڑ فائرنگ سے محکمہ صحت کا اہلکار جاں بحق‘ مانسہرہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

باجوڑ ایجنسی + لاہور + مانسہرہ + پشاور (نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار کے علاقے حاجی لونگ میں کلینک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ صحت کا اہلکار جاں بحق اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا جبکہ مانسہرہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ لاہور، پشاور، مردان میں دہشت گردوں سمیت 100 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے شام باجوڑ ایجنسی کے تحصیل خار میں نامعلوم افراد نے ڈسپنسر میر ولی خان کے کلینک میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محکمہ صحت کا اہلکار ڈسپنسر میر ولی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بیٹا عبداللہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی۔ ادھر مانسہرہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کا گروہ گرفتار کر لیا گیا اور خودکش جیکٹس، فوجی وردیاں، 30کلو بارود برآمد کر لیا گیا جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ ون میں کھدائی کے دوران ایک راکٹ برآمد ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے بڈھ بیر کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران 80مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں5 افغانی بھی شامل ہیں۔ آپریشن خیبر ایجنسی سے متصل علاقہ ڈنڈو پل کے مقام پر کیا گیا۔ پولیس نے اس موقع پر کلاشنکوف اور 2 پستول بھی قبضہ میں لے لئے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی پولیس نے مردان کے علاقے شیرگڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد واحد شاہ کو گرفتارکرلیا۔ گرفتار دہشت گرد مٹہ پولیس سٹیشن پر حملے سمیت دہشت گردی کے کئی واقعات میں مطلوب تھا۔ دوسری جانب پولیس اور حساس اداروں نے مانسہرہ کے علاقے بالاکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کا گروہ گرفتار کر کے خودکش جیکٹس، فوجی وردیاں، 30کلو بارود برآمد کر لیا۔ دہشت گرد عاشورہ کے جلوسوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ادھر لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مےں سرچ آپریشن کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں سمیت 18 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران فیکٹری ایریا کے علاقہ والٹن سے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ مختلف علاقوں سے 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ادھر سی ٹی ڈی نے سوات کی تحصیل مٹہ میں کارروائی کے دوران دہشت گرد گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد واحد شاہ سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔ ادھر اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ ون میں کھدائی کے دوران راکٹ برآمد ہو گیا۔ پولیس کے مطابق راکٹ گھر کی تعمیر کیلئے کھدائی کے دوران ملا بم ڈسپوزل سکواڈ نے فائرنگ رینج میں راکٹ کو ناکارہ بنا دیا راکٹ ممکنہ طور پر سانحہ اوجڑی کیمپ کے دوران دبایا گیا تھا۔ بارکھان میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھر خضدار کے علاقے ساہیوال میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیویز کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مالاکنڈ میں لیویز اور پاک آرمی نے مشترکہ آپریشن میں بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دستی بم برآمد کر لئے جس میں اڑھائی کلو بارودی مواد‘ کارتوس‘ راکٹ لانچر اور ڈیٹونیٹر تار برآمد کر لی۔
فائرنگ/ اہلکار جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن