محکمہ آبپاشی نہری نظام کی بہتری کیلئے کوشاں ہے: یاور زمان
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی محکمہ آبپاشی پانی کے با کفایت اور منظم استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تا کہ کسان برادری سمیت دیگر متعلقین کو آبی ضروریات کے حوالے سے پانی با آسانی دستیاب ہو۔اس حوالے سے یہ بات اشد ضروری ہے کہ پاکستانی قوم پانی کے استعمال کے حوالے سے انتہائی کفایت شعاری سے کام لے تا کہ ہماری آئندہ نسلوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا کہ پانی اللہ تعالی کی عظیم ترین نعمت ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا - انہوںنے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا سب سے منظم اور بہترین نہری نظام موجود ہے جس کی دیکھ بھال اور ضروری تعمیر و مرمت کے حوالے سے محکمہ آبپاشی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے - انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت کسانوں کی آبی ضروریات بخوبی پورا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ اس حوالے سے یہ بات انتہائی اہم ہے کہ کسانوں کو پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی(پیڈا) کے توسط سے نہری انتظام سے متعلقہ فیصلہ سازی و آپریشنل معاملات میں شریک کیا گیا ۔ اس اقدام کا نہایت مثبت اثر ہوا ہے ۔ اس طرح کسان برادری کو نیا اعتماد اور حوصلہ ملا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آبی وسائل کی با کفایت تقسیم و استعمال کے حوالے سے میڈیا پر بھی گہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں میں اس حوالے سے ضروری شعور اجاگر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کی پالیسیوں سے جہاں پنجاب کے کسان کو فائدہ پہنچا وہاں پر زرعی پیداوار میں اضافہ سے دیگر صوبوں کے عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملی۔ اس طرح پنجاب کا بین الصوبائی بھلائی اور بھائی چارہ میں اہم کردار کھل کر سامنے آیا ہے۔