• news

شیوسینا نے بھارت کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے شہریار، نجم سیٹھی کو بھی نہ بخشا

اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت کی انتہاپسند ہندو تنظیم شیوسینا نے بھارت کے کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کرکے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈوں کے درمیان کرکٹ میچ بحال کرنے کے اقدامات کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سابق سیکرٹری خارجہ شہر یار خان اور بورڈ کے ایک اور کرتا دھرتا نجم سیٹھی کو کرکٹ میچوں کی بحالی کیلئے مذاکرات کرنے بھارت بھیجا تھا یہ دونوں حضرات بھارت کیلئے نرم گوشہ رکھنے کی شہرت رکھتے ہیں۔ شہریار خان پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کیلئے بیک چینل ڈپلومیسی کے عمل کا سرگرم کردار رہے ہیں، 90ء کی دہائی میں جب نوازشریف وزیراعظم تھے تو شہریار خان پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے بھارت کے دورے کرکے ’’خاموش سفارت کاری‘‘ کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے بھارتی لیڈروں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔ شہریار خان ریاست بھوپال کے نواب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ بھارت میں کانگرس اور بی جے پی حکومتوں کے کئی اہم عہدیدار اور سفارتکار شہریار خان کے ذاتی دوست بھی ہیں۔ نجم سیٹھی بھی بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ وہ پاکستان میں ان حلقوں کے سخت نقاد رہے ہیں جن کا یہ مؤقف تھا کہ بھارت پاکستان سے اچھے تعلقات کا خواہاں نہیں، وہ ’’بغل میں چھری اور منہ میں رام رام‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے، نجم سیٹھی ان بھارت مخالف حلقوں پر طنزکے نشتر چلاتے رہے۔ 90ء کی دہائی میں نوازشریف کے دوسرے دور حکومت میں انہوں نے بھارت میں ایک لیکچر میں پاکستان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا تھا جس پر نوازشریف حکومت نے انکے خلاف بغاوت کا مقدمہ قائم کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا لیکن بعد میں ان پر مقدمہ ختم کرکے انہیں رہا کردیا۔ شیوسینا اور نریندر مودی حکومت نے شہریار خان اور نجم سیٹھی کو بھی نہ بخشا اور ان کی بھارت آمد اور مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ پر حملہ کر دیا اس سے قبل بھارت کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے کئی دانشوروں کیلئے بھارت میں شرمندگی کی صورتحال پیدا کی گئی چند سال قبل پاکستانی وکلاء کے ایک گروپ پر چھاپہ مارا گیا۔ یہ گروپ بھارتی انسانی حقوق کی تنظیم کی دعوت پر گیا تھا۔ سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی تقریب رونمائی منعقد کرنے والے منتظم کا منہ کالا کر دیا گیا اکثر بھارت میں جا کر فن کا جادو لگانے والے غلام علی کا کنسرٹ بھی شیوسینا نے دھمکیاں دے کر ختم کرا دیا نریندر مودی جس فخر سے شوسینا سے اپنا تعلق ظاہر کرتے ہیں شیوسینا کو پاکستان اور اس کی اہم شخصیات کی بے توقیری کرا کے مزے لے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن