ایم ڈی کے بعد پراجیکٹ ڈائریکٹر نندی پور شاہد سہیل کو بھی عہدے سے ہٹا دیاگیا، شہزاد اکبر کو ذمہ داری مل گئی
لاہور+ اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت پانی وبجلی نے منیجنگ ڈائریکٹر کے بعد پراجیکٹ ڈائریکٹر نندی پور کو بھی عہدے سے ہٹا دیا۔ ذرائع کے مطابق شاہد سہیل کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد شہزاد اکبر کو پراجیکٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل وزارت پانی وبجلی نے ایم ڈی نندی پورکیپٹن (ر) محمود کو عہدے سے برطرف کرکے انکی جگہ طارق بھٹی کو ایم ڈی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے ڈائریکٹر شاہد سہیل کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کیا ہے جبکہ شہزاد اکبر نندی پور پاور منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کردئیے گئے جو ان دنوں ریذیڈنٹ انجینئر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ شہزادہ اکبر کی تعیناتی اور شاہد سہیل کی معطلیی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔