این اے 122 میں ووٹوں کی مبینہ منتقلی‘ تحریک انصاف نے پرسوں اے پی سی طلب کر لی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) این اے 122میں الیکشن کمشن کی بے ضابطگیوں اور ووٹوں کی مبینہ منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف نے پرسوں 22 اکتوبر کو لاہور میں اے پی سی طلب کرلی۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کے خلاف 6 نکاتی چارج شیٹ بھی تیار کرلی ہے۔ این اے 122 لاہور کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی منتقلی کے حوالے سے تحریک انصاف نے حاصل ہونے والے ثبوتوں پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی میں ثبوتوں پر بریفنگ دیگی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے دعویٰ کیا ہے اسے بڑے پیمانے پر ووٹوں کی منتقلی کے ثبوت مل گئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں پی ٹی آئی آئندہ اقدام اٹھائے گی۔ این اے 122 لاہور کے بارے میں تحریک انصاف کی مرتب کردہ چارج شیٹ میں اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کو مختلف انتخابی فہرستیں دی گئیں۔ پی ٹی آئی کو فراہم کی جانے والی انتخابی فہرستوں میں 200 ووٹ ہر فہرست میں کم تھے۔ پی ٹی آئی کے مطابق گھوسٹ ووٹرز بھی بڑی تعداد میں سامنے آئے جس کے پی ٹی آئی کو ثبوت مل گئے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں نام اور ایڈریس مختلف پائے گئے۔ فرضی ایڈریس پر گھوسٹ ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔ این اے 122میں عوام کی مرضی کے بغیر اچانک ووٹ باہر منتقل کئے گئے۔ یہ چارج شیٹ چودھری سرور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں پیش کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں کی منظوری کے بعد چارج شیٹ الیکشن کمشن کو ارسال کی جائیگی۔ ترجمان پی ٹی آئی اے کے مطابق اے پی سی میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا دعویٰ نامے جاری کردئیے گئے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس جمعرات کو دن 11 بجے چیئرمین سیکرٹریٹ لاہور میں ہو گی۔