• news

انسداد دہشت گردی‘ پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں جہلم کے قریب شروع ہو گئیں

کھاریاں (این این آئی) پاکستان اور سعودی عرب کی خصوصی فورسز کی انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ مشقیں پیر سے جہلم کے قریب شروع ہوگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’’الشہاب اوّل‘‘ کے نام سے کی جانیوالی مشترکہ مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تربیت پر توجہ مرکوز رکھی جائیگی۔ ان مشقوں کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی غرض سے نئے راستے تلاش کرنا اور مہارت میں اضافہ کرنا ہے۔ پیر کو مشقوں کے آغاز پر کورکمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے دونوں ممالک کی خصوصی فورسز کی مشترکہ مشقوں کا معائنہ کیا اور انکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔ عسکری ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی سے متعلق دونوں ممالک کی یہ پہلی مشترکہ مشقیں ہیں۔ رواں سال مارچ میں دونوں ممالک کے درمیان معمول کی مشترکہ فوجی مشقیں سعودی عرب کے شہر طائف کے قریب منعقد ہوئی تھیں۔ الشہاب اوّل کے نام سے بارہ روزہ مشقیں جہلم کے قریب انسداد دہشت گردی قومی تربیتی مرکز پبی میں ہو رہی ہیں جو 31 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ مشقوں میں حصہ لینے کیلئے سعودی فوجیوں کا 57 رکنی دستہ پاکستان آیا ہے۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام مشقوں کا معائنہ کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن