• news

مصری شاہ، دوست نے فائرنگ کر کے مسلم لیگ ن کے بلدیاتی امیدوار کو قتل کر دیا

لاہور+ منڈی فیض آباد (نامہ نگاران) لاہور میں دوست نے مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی امیدوار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ منڈی فیض آباد کا لیگی امیدوار جو فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا، میوہسپتال میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل نمبر 43، وارڈ 3، سوامی نگر وائرلیس کالونی میں مسلم لیگ ( ن) کا نامزد جنرل کونسلر کا امیدوار عمران ریلوے کوارٹرز میں دوستوں کے ساتھ الیکشن کے معاملات پر بات کررہا تھا اور اسکا دوست جنرل کونسلر کا آزاد امیدوار محسن عرف اچھی بھی موجود تھا۔اس دوران دونوں میں سیاسی دفتر کھولنے پر تلخ کلامی ہوگئی جس پر محسن عرف اچھی نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے عمران شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال جاکر دم توڑ گیا جبکہ محسن عرف اچھی فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش مردہ خانے بھجوا کر تفتیش شروع کر دی ۔ مقتول عمران کے بھائی رضوان کے مطابق کچھ عرصہ قبل ہم یہ علاقہ چھوڑ کر شالیمار کے علاقہ میں رہائش پذیر ہوگئے تھے لیکن ہمارے ووٹ ادھر ہی تھے اسلئے اسے یونین کونسل 43 مصری شاہ سے مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسلر کے امیدوار کا ٹکٹ ملا تھا۔ مقتول محمد عمران غیر شادی شدہ تھا۔واقعہ کی اطلاع ملنے مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی و وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اورایم پی اے غزالی بٹ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اس واقعہ پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی ہے۔ دوسری طرف منڈی فیض آباد کی یو سی 43 چاچکے گل کے وارڈ 2 میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جنرل کونسلر کا امیدوار چودھری اشرف جو 4 روز قبل مخالفین کی فائرنگ سے 3 ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوگیا تھا، میوہسپتال لاہور میں گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ پولیس نے (ق) لیگ کے سابق ایم این اے شاہد منظور گل اس کے بھائی طاہر منظور گل سمیت 15 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ چودھری اشرف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بلال احمد ورک کو اپنے ہاں بلایا تھا جس کی رنجش میں مخالفین نے فائرنگ کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن