• news

وفاق اسلام آباد میں چھپے جرائم پیشہ کو بچا رہا ہے‘ پکڑانے کی کوشش جاری رکھیں گے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے بدقسمتی سے وفاق اسلام آباد میں چھپے کریمنلز کو بچا رہا ہے۔ اسلام آباد میں چھپے جرائم پیشہ گرفتار کرنے نہیں دئیے جا رہے۔ خیبر پی کے میں آزاد احتساب کمشن بنانے مں 2 سال لگے۔ صوبائی احتساب کمشن خیبر پی کے نے سب سے پہلے صوبائی وزیر اور ایم پی اے کو گرفتار کیا۔ احتساب کمشن کو مطلوب افراد پکڑانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ جرم کرنے والوں کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، گرفتار کیا جائے۔ آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے شاہ محمود قریشی پارٹی کے اہم ستون ہیں اور وہ نئے دوستوں کی پارٹی میں شمولیت اور ضمنی انتخابات میں پارٹی کا گراف بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے موقف دیا شاہ محمود قریشی کا پارٹی میں انتہائی اہم کردار ہے جس پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے ۔ شاہ محمود ہماری پارٹی کا مرکزی ستون ہیں اور پارٹی کا گراف بلند کرنے کیلئے کام کرنے میں مصروف ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے شاہ محمود این اے 122 کی انتخابی مہم میں شرکت نہیں کرسکے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی چیف آرگنائزر نے بھی ٹیلیفونک گفتگو میں پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کچھ عناصر غلط خبریں پھیلا رہے ہیں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں، ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا میں نے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بنی گالہ میں پارٹی کے اہم اجلاسوں میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی کو صرف نئے پاکستان کے نظریے کے تحت ہی جوائن کیا تھا جس پر آج بھی قائم ہوں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن