• news

نوازشریف مقبولیت میں پہلے، شہباز دوسرے، عمران تیسرے نمبر پر: فوج سب سے بااعتماد ادارہ‘‘

لاہور (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف عوامی سروے میں 75 فیصد ریٹنگ کے ساتھ سرفہرست ‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف 72 فیصد ریٹنگ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ عمران خان کی ریٹنگ 49 فیصد ہے۔ عوامی رائے عامہ کے پلڈاٹ سروے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔ صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے دو سال مکمل ہونے پر کوالٹی آف ڈیموکریسی اِن پاکستان کے بارے میں پاکستان بھر سے عوامی رائے عامہ سروے میں بتایا گیاہے کہ کارکردگی کے اعتبار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی رائے کے مطابق 70فیصد‘ پی ٹی آئی 44 فیصد اور پی پی 36 فیصد ہے جبکہ وزیراعظم نوازشریف 75 فیصد ریٹنگ کے ساتھ قابل اعتماد لیڈر ہیں جبکہ عمران خان کی ریٹنگ 49 فیصد ہے۔ اور زرداری کی 23 فیصد ہے۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ انتخابات 2013ء کو دھاندلی قرار دینے والے افراد میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت اس سال دھاندلی سمجھنے والوں کی تعداد میں 7 فیصد کی واضح کمی ہوچکی ہے۔ کوالٹی آف ڈیموکریسی ان پاکستان کے 11 اعشاریے میں سے 6 اعشاریے واضح طور پر مثبت ہیں۔ مجموعی طور پر جمہوریت کی کوالٹی کے معیار میں پچھلے سال کی نسبت 10 فیصد بہتری آئی ہے جبکہ حکومت کی کارکردگی‘ میڈیا کی آزادی‘ سپریم کورٹ آف پاکستان کی اثر پذیری‘ کابینہ کی کارکردگی‘ سکیورٹی سیکٹر‘ انسانی حقوق کے احترام اور ریاست کی خودمختاری کے اعشاریئے مثبت بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ پلڈاٹ سروے میں 2013ء انتخابات کے2، سال 66 فیصد عوام نے جمہوریت کے مجموعی معیارکی منظوری دی۔ 2014ء میں 37 فیصد افراد کو عام انتخابات میں دھاندلی پر شک تھا۔ 2015ء میں یہ 30 فیصد رہ گئی۔ 2015ء میں مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت 70 فیصد ہو گئی۔51 فیصد عوام نے حکومتی کارکردگی پر اعتماد کیا ہے۔ 75 فیصد عوامی رائے کے ساتھ آرمی سب سے زیادہ پراعتماد ادارہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن