• news

کوئٹہ اور چمن میں دہشت گردوں کی فائرنگ‘ 3 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ+ بنوں+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ اور چمن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے بلوچستان کانسٹیبلری کا اہلکار فیض اللہ شہید ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر سول ہسپتال پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں عبداللہ اور سفر محمد کو جاں بحق کر دیا جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہو گیا۔ دہشت گرد جاتے ہوئے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں ایف سی جوانوں نے جان پر کھیل کر عوام کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقہ پھلی میں نامعلوم دہشت گردوں نے چالیس کلو بارودی مواد، دو راکٹ لانچر 150 کلو ڈیٹونیٹر تار بچھا رکھا تھا لیکن ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد اور راکٹ لانچر ضائع کر دئیے۔ کوئٹہ میں بم ڈسپوزل کے عملے نے مسجد روڈ پر تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سائیکل میں نصب بم ناکارہ بنا دیا۔ ادھر ایف سی نے خفیہ اطلاع ملنے پر قلات کے علاقے مصطفی آباد میں کالعدم تنظیم کے افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے خودکار ہتھیار برآمد کر لیا۔ ادھر فقیر آباد پشاور میں اسلحہ کے گودام پر چھاپہ مارکر ڈیلر سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، گودام سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ادھر بنوں میں 2 مختلف علاقوں میں گھر کے باہر اور سکول میں بارودی مواد کے 2دھماکے ہوئے ہیں کوئی جانی نقصان نہیں جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 5 افغان باشندوں سمیت 30 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کر لئے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو منگل کی صبح سے سیل کر کے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں 5 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ ادھر بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا جبکہ موقع سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں ایف سی نے گوادر میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 2ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن