• news

گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کا ایک اور واقعہ‘ سکھوں کے مظاہرے بھارتی پنجاب میں پھیل گئے

امرتسر (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب میں مقدس کتاب گروگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جبکہ ان واقعات کے خلاف سکھوں کا احتجاج کئی شہروں میں پھیل گیا۔ پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ سے 2 سکھ ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، جھڑپوں کے دوران کئی پولیس اہلکار پتھرائو سے زخمی ہوئے، کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب کے ضلع بٹھنڈا میں گوروسر مہاراج گائوں میں مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس سے علاقے میں زبردست اشتعال پھیل گیا۔ ترن تارن میں احتجاج کرنیوالے سکھ مظاہرین نے ایک مشتبہ شخص کو بُری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے ساتھ لے گئے۔ پنجاب میں نیشنل ہائی وے اور دیگر شاہراہوں پر سکھ مظاہرین دھرنے دیکر بیٹھے شرپسندوں اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ جس سے ٹریفک معطل اور گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگی رہیں۔ نازک صورتحال کے پیش نظر امرتسر، جالندھر، لدھیانہ، ترن تارن اور دیگر شہروں میں نیم فوجی فورسز کی 10 کمپنیاں تعینات کر دی گئیں۔ ادھر بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے الزام لگایا ہے کہ انکی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کیلئے بعض ایجنسیاں حالات خراب کرنے میں ملوث ہیں تاہم انہوں نے ایجنسیوں کا نام نہیں لیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور تشدد سے گریز کریں۔ ادھر پاکستان کے مختلف شہروں میں سکھ برادری نے بھارتی پنجاب میں گروگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج جاری رکھا۔ پشاور میں سکھوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور مودی کے پتلے کو جوتے مارے۔

ای پیپر-دی نیشن