• news

نندی پور پراجیکٹ کی تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا‘ سندھ میں زیادہ کارروائیوں کا تاثر غلط ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار + ایجنسیاں) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا، جدید تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے تمام ضروری سہولیات سے آراستہ فرانزک سائنس لیبارٹری کا قیام اہم سنگ میل ہے۔ اس سے شفاف تحقیقات میں مدد ملے گی۔ قمرزمان چودھری نے کہا نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز اقدامات کر رہا ہے۔ کرپشن صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر متحد ہو کر کوششیں کرنی چاہئیں۔ کرپشن کا ناسور ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ نیب کرپشن کے خاتمے کے اعلیٰ ادارے کی حیثیت کے طور پر اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ گزشتہ دو سال میں ماضی کی نسبت نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ زیرالتوا 92 فیصد شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریز اور انوسٹی گیشن کو نمٹادیا گیا ہے۔ ادارے کے اندر بھی احتساب کا عمل شروع کیا ہے۔ اس عمل کے تحت نالائق، بددیانت اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ آٹومیٹڈ مانیٹرنگ سسٹم موجودہ کاغد پر اعتماد کے نظام اور زیادہ وقت لینے والے رپورٹنگ سسٹم کا متبادل ثابت ہو گا۔ نیب نے اپنے تمام قیام سے لیکر اب تک 264.398 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ ہمیں ملک سے کرپشن کے خاتمے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہم اس حوالے سے قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور میں پراجیکٹ کرپشن سکینڈل کے پہلے مرحلے کی تفتیش شروع ہو گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی کا نام لینا مناسب نہیں سمجھتا، جب تحقیقات مکمل ہوگی تو ساری چیزیں سب کے سامنے ہوں گی، نیب تحقیقات مکمل ہونے تک کسی کی پگڑیاں اچھالنے پر یقین نہیں رکھتا۔ آن لائن کے مطابق قمر الزمان نے کہا کہ نندی پور کیس کی تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے جس میں ذمہ داروں کا تعین مکمل تحقیقات ہونے تک نہیں کیا جا سکتا۔ نام ظاہر کرنے سے تحقیقات کا اگلے مرحلہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، نندی پراجیکٹ کی منظوری سے لے کر اس کے آغاز تک کی تحقیقات شامل ہیں۔ دوسرا مرحلہ پراجیکٹ کی لاگت میں اضافے اور ادائیگیوں سے متعلق ہے۔ سندھ میں نیب کی سب سے زیادہ کارروائیوں کا تاثر بالکل غلط ہے۔ احتساب بیورو (نیب) بلاخوف وخطر ملک بھر میں کرپشن کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ نیب نے سب سے زیادہ کارروائیاں خیبر پی کے میں کی ہیں۔ اہم شخصیات کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ نیب نے سندھ میں مارچ اور اپریل2015 میں کرپشن اور بدعنوانیوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا آغاز کیا جس میں اہم کامیابیاں ملی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن