جسٹس منظور کو سپریم کورٹ کا جج‘ جسٹس اعجاز الحسن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی سفارش
لاہور (ایجنسیاں) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جوڈیشل کمشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کر دی جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کر دیا گیا۔ کمشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک اور عدالت عالیہ لاہور کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود کو سپریم کورٹ میں بھجوانے کیلئے نامزدگی کر دی گئی۔جوڈیشل کمشن نے سفارشات پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دی ہیں۔پارلیمانی کمیٹی کی منظوری کے بعد صدر مملکت حتمی منظوری دیں گے جس کے بعد وفاقی وزارت قانون کی طرف سے ججز کی تعیناتیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منظور احمد ملک اور سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود کے سپریم کورٹ جانے کے بعد عدالت عالیہ میں ججز کی تعداد58 سے کم ہو کر 56 ہو جائیگی۔ اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کے 4ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔