سی او جنرل الیکٹرک بھی شہبازشریف کے معترف، توانائی منصوبوں میں شفافیت میٹرو بس پراجیکٹس کے اجرا پر خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر) جنرل الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سٹیوبولزے نے توانائی منصوبوں کیلئے تیزرفتاری اور شفافیت سے کام کرنے اور عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے میٹرو بس منصوبوں کے اجراء پر ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے توانائی کے منصوبوں اور میٹرو بس پراجیکٹس کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور ہم شہباز شریف کی انتھک محنت کا اعتراف کرتے ہیں۔ گیس کی بنیاد پر لگنے والے منصوبوں کے امور 2 برس کی مدت میں طے ہونا تھے لیکن شہباز شریف کی فعال اور متحرک قیادت میں ان امور کو 6 ماہ کی قلیل مدت میں طے کیا گیا ہے جس کا سہرا وزیراعلیٰ شہباز شریف اور انکی ٹیم کو جاتا ہے۔علاوہ ازیں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربر اور ڈیفڈ کے دیگر عہدیداروں نے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ میں ہونے والی پیش رفت کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے چند ماہ کے دوران تیز رفتاری سے کام کیا گیا ہے۔ بلاشبہ وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی کے باعث صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آرہی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے اچھی کارکردگی دکھانے والی 3لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کو تعریفی اسناد دیں اور اجلاس کے شرکاء نے ان کے لئے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔