دینہ: 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل‘ قصور میں بچی تین سگے بھائیوں کے ظلم کا شکار
لاہور (نمائندگان) مختلف شہروں میں اوباش افراد نے تین کمسن بچیوں اور ایک بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ ایک بچی کو ملزمان نے قتل کرکے اس کی نعش گڑھے میں پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق دینہ میں درندہ صفت 2 شیطانوں نے 6 سالہ معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرکے نعش گڑھے میں پھینک دی۔ نواحی علاقہ ڈھوک قطب دین کے اخترعلی نے بتایا کہ ا س کی 6سالہ معصوم پوتی کشف نعیم اپنی ہم عمر سہیلیوں کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہی تھی کھیلنے کے بعد تمام بچیاں اپنے اپنے گھروں کو چلی گئیں لیکن کشف لوٹ کر گھر نہ پہنچ سکی جسے اپنے طور پر ڈھونڈنے کی بھرپور کوشش کے بعد پولیس کو درخواست دی جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گزشتہ روز پولیس نے دو مشکوک افراد عاصم اور صالح کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف جرم کیا کہ ہم نے 6سالہ کشف نعیم کے ساتھ زیادتی کی اور بعد میں اسے قتل کر دیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ خبر ملنے پر بچی کے والدین صدمے سے ہوش و حواس کھو بیٹھے اور انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ مانگٹانوالہ میں اوباش نے مبینہ طور پر 10 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ نواحی گائوں وزیر پور کے محنت کش گلزار کی 10 سالہ بیٹی نمرہ سودا سلف لینے کے لئے گھر سے نکلی تو گائوں کا اوباش عبدالستار اسے زبردستی دھان کی فصل میں لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی کے شور پر ملزم فرار ہو گیا۔ قصور شہباز خان روڈ کچی آبادی میں تین اوباش سگے بھائیوں نے سات سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کردیا گیا۔ پولیس نے بچی کی شناخت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ گھر سے بچوں کے لئے پیمپرز لینے کے لئے گئی واپس نہ تو آئی تو گھر والے پریشان ہو گئے جس پر صبا کا ماموں ذوالفقار محلے داروں کے ہمراہ تلاش شروع کردی تو اسی دوران ایک حویلی سے روکنے کی آوازیں آئیں۔ بچی زخمی حالت میں پڑی تھی۔ پولیس نے ایک ملزم شرافت کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس کے دیگر دو بھائیوں شوکت اور صحافت کی تلاش جاری ہے۔ علاوہ ازیں گائوں رسول پورہ میں اوباش فیصل نے 18 سالہ لڑکے ساحل کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دریں اثناء فیروزوالہ کے نواحی گائوں فیض پور میں اوباش ملزمان نے محنت کش کے بیٹے تیمور کے ساتھ اغوا کے بعد زیادتی کی اور بعد میں تشدد کا نشانہ بنایا اور مغوی کو ویران جگہ پھینک کر فرار ہو گئے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔