ائرپورٹس پر تارکین وطن کو سہولتوں کی عدم فراہمی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سول ایوی ایشن کو شوکاز نوٹس جاری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں سول ایو ی ایشن و دیگر کی جانب سے ائر پورٹس پر تارکین وطن کو سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں عدالت عظمیٰ کے 6اگست 2015ء کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر سنیئر ایڈیشنل ڈائریکٹر سی اے اے محمد دائود چوہان کو شوکاز نوٹس (اظہار وجوہ) جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے جبکہ مزید سماعت نومبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔ سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس نے رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا کہ 6اگست کو جو حکم جاری کیا گیا تھا اس کے مطابق ائیرپورٹس پر تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو آپریشن کائونٹرز قائم کرنے اور بااختیار نمائندے مقرر کرنے کو کہا گیا تھا، ایس او پیز جمع نہیں کروائی گئیں، ون ونڈو کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کی رپورٹ دینا تھی ،فارن مشن ،ہائی کمیشن کے فوکل پرسنز کی فہرست پیش کرنا تھی، مگر مذکورہ معاملات کے حوالے سے کوئی رپورٹ پیش نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مانیٹرنگ اینڈ ویلوایشن فریم ورک تیار نہیں کیا جاسکا، وفاقی محتسب کی جانب سے لاء افسر نے بتایا کہ ائرپورٹس پر تارکین وطن کی سہولت کے لیے پانچ بڑے ائرپورٹس پر ون ونڈو کائونٹرز قائم کردیئے باقی پانچ اور کرنا ہیں، چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا اس سے کیا تعلق یہ جس کا کام ہے اسے کرنے دیا جائے۔