کراچی: نیوی کے اعلیٰ افسر کی بیوہ بہن کا گھر میں قتل‘ ملازم میاں بیوی پر شبہ
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں پاکستان نیوی کے اعلیٰ افسر کموڈور مظہر کی بیوہ بہن کو قتل کردیا گیا۔ پی آئی بی کالونی میں قتل کی واردات اس وقت ہوئی جب مقتولہ 40 سالہ صدف اختر کی دونوں بچیاں سکول گئی ہوئی تھیں اور ان کے بوڑھے والد چودھری محمد مہدی اختر گھر کی بالائی منزل پر اپنے کمرے میں تھے۔ جب وہ نیچے اترے تو بیٹی کو خون میں لت پت مردہ پایا۔ انہیں پیشانی پر راڈ کے وار کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ کموڈور مظہر اس وقت بحریہ فاﺅنڈیشن کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ مقتولہ کے شوہر کا چھ سات سال قبل انتقال ہوگیا تھا اور وہ اپنے والد اور دو بچیوں کے ساتھ رہتی تھیں جبکہ گھر میں دو ملازم میاں بیوی ندیم اور نفیسہ بھی کام کرتے تھے جو واردات کے بعد سے غائب ہیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ صدف اختر کا قتل ڈکیتی کا شاخسانہ ہے اور مبینہ طور پر دونوں ملازم میاں بیوی ندیم اور نفسیہ اس میں ملوث ہیں جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثنا رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں سے 7 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری گینگ وار کے 2 کارندوں کو ہجرت کالونی سے حراست میں لے لیا۔