پاکپتن: بابا فریدؒ کے عرس کی تقریبات جاری
پاکپتن (نامہ نگار) حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے773ویں عرس کی تقریبات عروج کو پہنچ گئیں، بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کے بعد پہلے روز ایک لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ دوسرے روز سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے ولی عہد سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی کے ہمراہ بہشتی دروازے کی قفل کشائی کی۔ پہلے دو روز بہشتی دروازہ کی کفل کشائی کی تقریب میں ڈی سی او جاوید اختر محمود، ڈی پی او شاہنواز سندھیلہ، دیوان عظمت سید محمد چشتی، الطاف حسین چشتی، حافظ غلام قطب الدین چشتی، پیر محمد سعید احمد چشتی، محمد محسن فریدی، میاں عبد العزیز ہانس سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے مشائخ عظام اور زائرین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا مانگی گئی۔ بہشتی دروازہ مسلسل 5راتوں تک کھلے گا، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ ڈی پی او شاہنواز سندھیلہ نے بتایا ہے کہ عرس پر آنے والے زائریں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ بہشتی دروازہ کی لائن والے راستوں کی چالیس سے زائد خفیہ سکیورٹی نائٹ ویژن کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، واک تھرو گیٹوں کے ذریعے مختلف مقامات پر زائرین کی سکیننگ کی جا رہی ہے۔