راولپنڈی: مزید 90 افراد ڈینگی کا شکار کراچی میں 16نئے کیس سامنے آ گئے
راولپنڈی+ سوات + کراچی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں مزید 90 افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی مجموعی تعداد 2150 تک جا پہنچی جبکہ کراچی میں 16 مزید کیس سامنے آ گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 90 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مریضوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے سے ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں گنجائش کم پڑ گئی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ جن یونین کونسلز میں ڈینگی لاورا موجود ہے وہاں پر دن میں دو بار سپرے کیا جائے۔ دوسری طرف سوات میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، اب تک مجموعی طور پر 28 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔سوات میں ڈینگی سیل کے انچارج ڈاکٹر روشن کے مطابق 28 افراد میں سے کچھ ایسے مریض بھی شامل ہیں جن کا تعلق ملک کے دیگر شہروں سے ہے جو علاج کیلئے یہاں داخل کرائے گئے ہیں۔ اب تک سیدوشریف ٹیچنگ ہسپتال میں تین مریض زیرعلاج ہیں جبکہ زیادہ تر مریضوں کوصحت یابی کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں ماہ ڈینگی 100سے زائد افراد کو نشانہ بنا چکا ہے۔ راولپنڈی الائیڈ ہسپتالوں میں 365مریض زیر علاج ہیں۔ 220مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے۔ تقریباً 70مریض روزانہ ڈینگی کے شبہ میں ہسپتال آ رہے ہیں۔ 31 یونین کونسلز کو ڈینگی کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ 5699گھروں سے ڈینگی کا لاروا ملا ہے۔